گزشتہ سال محکمہ ڈاک کی ترقی اور عالمی سطح پر پذیرائی و درجہ بندی میں اضافے کا سبب رہا

128
گزشتہ سال محکمہ ڈاک کی ترقی اور عالمی سطح پر پذیرائی و درجہ بندی میں اضافے کا سبب رہا

اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):گزشتہ سال محکمہ ڈاک کی ترقی اور عالمی سطح پر پذیرائی و درجہ بندی میں اضافے کا سبب رہا۔ مالی سال 24-2023 میں محکمہ کی آمدن 9.25 بلین روپے رہی جو گزشتہ سال کی نسبت 30 فیصد زیادہ تھی، رواں مالی سال 25-2024کی پہلی ششماہی میں بھی محکمہ ڈاک نے سال بہ سال 13 فیصد اضافہ حاصل کیا، اہم مواقع پر 6 خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹ اور متعلقہ یادگاری اشیاجاری کی گئیں۔

پاکستان پوسٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز رضوان جاوید ہاشمی نے اے پی پی کو بتایا کہ محکمہ ڈاک نے24-2023 میں 9.25 بلین روپے کی آمدنی حاصل کی جو گزشتہ سال سے 30 فیصد زیادہ تھی۔ موجودہ مالی سال 25-2024کی پہلی ششماہی میں بھی محکمہ ڈاک نے سال بہ سال آمدن میں 13 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔پاکستان پوسٹ نے سال ہذا کے دوران 16 خصوصی یادگاری ٹکٹ اور متعلقہ یادگاری اشیاکا اجراکیا جن کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر بہت پذیرائی کی گئی ہے۔

محکمہ ڈاک کے تمام دفاتر کو ڈیجیٹلائز کرنے کے پراجیکٹ کا ایگزم بینک جنوبی کوریا کے تعاون سے باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر کو ہو چکا ہے ۔ ایگزم بینک پراجیکٹ سے محکمہ ڈاک کے تمام دفاتر کمپیوٹرائز ہو جائیں گے۔ اس پراجیکٹ کے نفاذ سےمحکمہ ڈاک اپنے صارفین کو ای کامرس ڈیجیٹل ادائیگیوں اور جدت سےبھر پور پوسٹل سروسز فراہم کر سکے گا۔

علاوہ ازیں محکمہ ڈاک کی گزشتہ سال بہترین کارکردگی کی وجہ سے یونیورسل پوسٹل یونین نے دسمبر 2024میں عالمی پوسٹل ریٹنگ کے اجرامیں پاکستان پوسٹ کی درجہ بندی کو پانچویں لیول سے بڑھا کر چھٹے لیول میں شامل کر دیا ہے جو کہ اس بات کاثبوت ہے کہ محکمہ ڈاک کی کار کردگی میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔ محکمہ ڈاک کی یہ ترقی اور عالمی سطح پر پذیرائی تمام سٹاف اور افسران کی انتھک محنت اور جاں فشانی کا نتیجہ ہے۔