فیصل آباد۔ 01 مارچ (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں اور کاشتکاروں کی محنت کے باعث گزشتہ سال کے دوران صوبہ پنجاب میں گندم کی پیداوار2کروڑ9 لاکھ میٹرک ٹن اور دھان کی پیداوار53 لاکھ ٹن سے زائد ،کپاس کی پیداوار میں 21 فیصد ، مکئی،کماد،آلو،مونگ اور تل کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں تک براہ راست سبسڈیز پہنچا رہی ہے جبکہ صوبہ کے مختلف شہروں میں نئی زرعی منڈیاں بھی قائم کی جا رہی ہیں
تاکہ کاشتکاروں کو اجناس کی فروخت میں آسانی ملے اور صارفین کو بھی بہتر سہولیات مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) کے قیام کے بعد زرعی منڈیوں میں بہتری کے لئے اقدامات کر رہی ہے جبکہ اب تک پامرا ایکٹ کے تحت146 منڈیوں کی رجسٹریشن کا کام مکمل کیا جا چکا ہے اور اس ضمن میں صوبہ بھر میں زرعی منڈیوں کو آپس میں آئی ٹی کے ذریعے لنک کیا جا رہا ہےاور ان ماڈل منڈیوں میں مارکیٹ فیس کا شیڈول،کمیشن اور روزانہ کے نرخ واضح جگہوں پر آویزاں کئے جا رہے ہیں۔