گزشتہ مالی سال کے دوران اسلامک بینکنگ کی سہولیات فراہم کرنے والی بینک برانچز کی تعداد میں 361 برانچز کا اضافہ

77

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):گزشتہ مالی سال کے دوران اسلامک بینکنگ کی سہولیات فراہم کرنے والی بینک برانچز کی تعداد میں 361 برانچز کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی)کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019 کے اختتام پر ملک میں اسلامی بینکاری کی سہولیات فراہم کرنے والی برانچز کی تعداد 2913 تھی جو گزشہ مالی سال کے اختتام پر 30 جون 2020 تک 3274 تک ہو گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران اسلامی بینکنگ کی صنعت کے اثاثہ جات میں بھی 0.64 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ 30 جون 2019 کو شعبہ کے اثاثہ جات کا حجم 2.99 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا جو 30 جون 2020 تک 3.63 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2019 کے مقابلہ میں مالی سال 2020 کے دوران اسلامی بینکاری کی صنعت کے ڈیپازٹس میں بھی 5 کروڑ 30 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا ہے اور ڈیپازٹس کا حجم 30 جون 2019 کے ڈیپازٹس 2.42 ارب روپے کے مقابلہ میں 30 جون 2020 کو 2.95 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسلامی بینکاری کے شعبہ کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں او ر گزشتہ چند سالوں کے دورا ن پاکستان میں اسلامک بینکنگ انڈسٹری نے نمایاں ترقی کی ہے۔