گزشتہ ماہ کے دوران حسابات جاریہ کے کھاتے مزید 447 ملین ڈالر فاضل ہو گئے ہیں، سٹیٹ بینک

54
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):گزشتہ ماہ کے دوران حسابات جاریہ کے کھاتے مزید 447 ملین ڈالر فاضل ہو گئے ہیں۔ سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2019 میں حسابات جاریہ کے کھاتے 326 ملین ڈالر خسارے میں تھے۔ جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتے 1.6 ارب ڈالر فاضل ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 1.7 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ گزشتہ مالی سال کے برعکس جاری مالی سال میں اب تک حسابات جاریہ کے کھاتے مسلسل فاضل جار ہے ہیں جس کی بنیادی وجہ ترسیلات زر میں اضافہ اور تجارتی توازن میں بہتری ہے۔ نومبر کے مہینے میں درآمدو برآمدات میں اضافہ ہوا جو بیرونی ادائیگی اور اندرونی معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی نشاندہی کررہا ہے۔ معیشت میں تیزی اور مالیاتی بہائو میں بہتری کی وجہ سے نومبر کے مہینے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہواہے ۔اس وقت سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 13.1 ارب ڈالر ہے جو گزشتہ تین برسوں میں زرمبادلہ کے ذخائر کا سب سے زیادہ حجم ہے۔