اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی) پاکستان میں گزشتہ چار سالوں کے دوران سکیورٹی کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر ہونے اورموثر حکمت عملی و منصوبہ بندی کی بدولت کھیلوں کے فروغ میں بہت مدد ملی، کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوئے اور قومی کھلاڑیوںنے کئی عالمی اعزازات حاصل کرکے ملک کا نام روشن کیا‘جبکہ کرکٹ ‘ سکوائش ‘ ٹینس ‘ والی بال ‘ فٹ بال ‘ ریسلنگ سمیت متعدد کھیلوں کی میزبانی کرکے قابل فخر فتوحات حاصل کیں‘دستیاب معلومات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں گزشتہ ماہ ہونے والی آئی سی سی چیمپئن ٹرافی میں بھارت کو عبرتناک شکست دیکر اورپہلی مرتبہ آئی سی سی چیمپئن ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستان پہلی مرتبہ 22اگست 2016ءکو آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون کی پوزیشن پر آیا ‘زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے 2015ءمیں پاکستان کے کامیاب دورے سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان میں کھیلوں کے لئے سکیورٹی کی صورتحال اور ماحول سازگار ہے اسی طرح رواں سال پاکستان میں پی ایس ایل کے فائنل کا بھی کامیابی سے انعقاد کیا گیا جس میں دنیا بھر کے کئی نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی‘ پاکستان میں بین الاقوامی مقابلے بحال ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں قابل فخر فتوحات بھی حاصل کیں‘ کرکٹ کے علاوہ ملک میں دیگر سپورٹس کے مقابلے بھی بحال ہوئے ‘پاکستان میں 9 سال بعد پی ایس اے سکوائش کے مقابلوں کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا اور 12 سال بعد ڈیوس کپ ٹائی کا انعقاد بھی ہوا‘ 2017ءپاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ساز گار رہا اوراس دوران کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں نے یہاں کا رخ کیا اور پاکستان میں کامیاب مقابلوں کے انعقاد کے بعد انہوں نے پاکستان کو کھیلوں کے لئے محفوظ ملک قرار دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=62892