اسلام آباد۔18 نومبر(اے پی پی )گزشتہ ہفتے کے دوران 9 اشیاءکی قیمتوں میں کمی، 19 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 25 اشیاءکی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، گزشتہ ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 0.20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق 8 نومبرکو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران کمبائنڈ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح 237.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتے یہ شرح 237.22 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی تھی۔گزشتہ سال کے اسی مدت کے مقابلے میں مشترکہ گروپ کیلئے افراط زر کی شرح میں 4.32 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔اس اشاریہ کوترتیب دینے کیلئے 17شہری مراکز کی مارکیٹ میں 53 ضروری اشیاءکی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔اعدادوشمارکے مطابق 8ہزار روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے افراد کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔