لاہور۔8مئی (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 27 ملزمان کو بجلی چوری کرتے ہوئے گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر368 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 133 کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 11 کمرشل،5 زرعی اور 352 ڈومیسٹک تھے۔
تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ 18 ہزار3 سو 56 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 56 لاکھ 89 ہزار2 سو81 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ شاہدرہ کے علاقے میں کنکشن کو 1 لاکھ 60 ہزار روپے ، قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں کنکشن کو1 لاکھ 40 ہزار روپے ، لطیف پارک کے علاقے میں ایک ملزم کو 1 لاکھ 40 ہزار روپے اور مغل پورہ میں ملزم کو 1 لاکھ 10 ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کو 229 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 77 ہزار8سو21 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 72 ہزار 9 سو13 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 30 ہزار4 سو 89 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 9 کروڑ 25 لاکھ 60 ہزار59 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3ارب 42 کروڑ 40 لاکھ 96 ہزار1 سو 78 روپے ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔