اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے 156 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اتوار کواین سی او سی کے ایک عہدیدار کے مطابق ہفتہ کو 146 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ جمعہ کو 221 کیسز رپورٹ ہوئے ۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں اب تک 80،312 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد سے 745 اموات رپورٹ ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 71،939 مریض مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں.
وزارت قومی صحت سروسز کے ایک عہدیدار نے ملک بھر میں موجودہ کورونا صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کوویڈ 19 بیماری سے نمٹنے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائے ہیں اور پابندیاں سخت کردی ہیں کیونکہ ملک میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تیسری لہر کی کڑی نگرانی کر رہی ہے.انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے مسلح افواج کو بھی شامل کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ لاک ڈاؤن علاقوں میں ایس او پی پر عمل کیا جا رہا ہے.انہوں نے کہا کہ این سی او سی کو تمام اضلاع کے اعداد و شمار تک رسائی حاصل ہے اور اس کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے فیصلے وائرس کے پھیلاؤ ، ایس او پیز کے نفاذ کی کامیابی اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی صلاحیت پر مبنی ہیں۔عہدیدار نے کہا کہ ہمارے انجینئر آکسیجن کی تیاری کے لئے زیادہ سے زیادہ پلانٹس کو فعال بنانے میں سرگرم عمل ہیں.انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے لئے لاجسٹکس بشمول ٹرکوں اور ڈرائیوروں کی دستیابی پر بھی نگرانی کی جارہی ہے جبکہ آکسیجن کو موثر انداز میں استعمال کرنے کے لئے ہدایات جاری کی جارہی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کسی قسم کی ضیاع نہ ہو۔