گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 603 نئے کیسز،20 اموات رپورٹ ، نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر.

74

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد سندھ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 20 اموات ہوئیں جن میں سے 6 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 603 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے نوشہرہ میں 31 فیصد,لاہور میں 27 فیصد،ملتان میں 51 فیصد اور سرگودھا میں 31 فیصد مریض ہیں۔

اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 44 فیصد،بنوں میں 24 فیصد،صوابی میں 31 فیصد اور فیصل آباد میں 23 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 43 ہزار 786 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 13 ہزار 798, پنجاب میں 18 ہزار 244، خیبرپختونخوا میں 7 ہزار 535،اسلام آباد میں 2 ہزار 583، بلوچستان میں 774,گلگت بلتستان میں 564 ٹیسٹس, آزاد کشمیر میں 290 ٹیسٹ شامل ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 11 ہزار 711 ہو چکی ہے۔ بلوچستان,آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 267 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 25 ہزار 640 ہے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 65 ہزار 650 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 34 ہزار 406, بلوچستان میں 33 ہزار 133, گلگت بلتستان میں 10 ہزار 370, اسلام آباد میں 1 لاکھ 6 ہزار 504، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 76 ہزار 950،پنجاب میں 4 لاکھ 38 ہزار 133 اور سندھ میں 4 لاکھ 66 ہزار 154 مریض ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 300 ہو چکی ہے۔

جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 533 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، پنجاب میں 12 ہزار 861 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 3 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 689 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 937 اموات،بلوچستان میں کل 354 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، گلگت بلتستان میں 186 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 740 اموات ہو چکی ہیں۔

اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 2 کروڑ 2 لاکھ 79 ہزار 697 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 640 ہسپتالوں میں 1 ہزار 902 مریض زیر علاج ہیں۔