گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے مسلم امہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، ڈاکٹر قبلہ ایاز کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

87

اسلام آباد۔30اکتوبر (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، وزیراعظم پاکستان نے پوری دنیا کے مسلم ممالک کے سربراہان حکومت کو گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے خط لکھے ہیں، ہماری خواہش ہے کہ اس اہم مسئلہ پر ایک اجتماعی ردعمل آنا چاہئے۔ جمعہ کو پی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ جب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوں گے تو جلسے جلوسوں کا ردعمل فطری بات ہے۔ یقیناً ایک فرد جس کے پاس کوئی اور راستہ نہ ہو وہ کم از کم اپنے ردعمل کا اظہار جلسے جلوسوں کی صورت میں ضرور کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا کے مسلمان ممالک کے سربراہان حکومت اور سربراہان ریاست کو گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے خطوط لکھے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ اس اہم مسئلہ پر ایک اجتماعی ردعمل آنا چاہئے جو پوری ملت اسلامیہ کا ردعمل ہو۔ اس بارے میں او آئی سی کو بھی آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات یقیناً موثر ہوں گے اور یہ اقدامات جزوی نہیں بلکہ اجتماعی عمل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مقدس شخصیات کی توہین کرنا کسی طور پر درست نہیں ہے، نبی اکرم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے دنیا بھر میں اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔