لاہور۔3دسمبر (اے پی پی):لاہور پولیس نے گلبرگ کے علاقے میں سکھ فیملی کے ساتھ ڈکیتی میں ملوث 2 مبینہ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام نےکہا ہے کہ سکھ فیملی کو مبینہ طور لوٹنے والے ملزموں کو مقامی نجی ہائوسنگ سوسائٹی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ملزموں نے وہاں کرائے پر گھر لے رکھا تھا، ملزموں کو آپریشنز ونگ نے پکڑ کر سی آئی اے اقبال ٹائون کے حوالے کر دیا، سکھ فیملی سے ڈکیتی کا مقدمہ دو دن پہلے تھانہ گلبرگ کے سب انسپکٹر احمد مشتاق کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتار مبینہ ملزمان آفتاب اور ذیشان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ کرائے کے گھر میں رہتے تھے۔ وزیر اعلی پنجاب نے سکھ فیملی کے ساتھ ڈکیتی کی واردات کا نوٹس لیا تھا ۔