گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے گروپ آف فرینڈز کا نیویارک میں وزارتی اجلاس،بلاول بھٹو زرداری کی شرکت

221
گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے گروپ آف فرینڈز کا نیویارک میں وزارتی اجلاس،بلاول بھٹو زرداری کی شرکت

نیویارک۔21ستمبر (اے پی پی):چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گروپ آف فرینڈز آف دی گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کے وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق جی ڈی آئی کی تجویز چینی صدر شی جن پنگ نے 20 ستمبر 2022 کو دی تھی۔ پاکستان 50 سے زائد ممالک پر مشتمل "گروپ آف فرینڈز” میں شامل ہے جس کا قیام جی ڈی آئی کے مقاصد کو فروغ دینے کے لیے عمل میں لایا گیا تھا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 29 ارب ڈالر کے ٹرانسپورٹ اور توانائی کے منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے جس سے پاکستان کی ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ٹھوس اور وسیع اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے نفاذ اور امن اور خوشحالی کے مشترکہ مستقبل کے لیے ہماری اجتماعی خواہش کو پورا کرنے کے لیے چین اور گروپ آف فرینڈز کے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔