اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کامیابی حاصل کرے گی، گلگت بلتستان کے عوام انصاف کا ساتھ دیں گے۔ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بات نہیں کرے گی، احتساب کا عمل جاری رہے گا اور کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پاکستان کی تباہی کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک چلانے کے لئے عوامی مسائل پر بات کرنا ہوتی ہے، نواز شریف نے ریاستی اداروں کے خلاف بیانیہ اپنایا ہے، عوام نے ان کے بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے، پاکستان کے عوام پاک فوج سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تقسیم کا شکار ہو چکی ہے، اداروں کے خلاف بیانیہ کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان تضاد ہے۔ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے علی محمد خان نے کہا کہ اگر بات چیت کرنی ہے تو پارلیمان میں آئیں، انتخابی اصلاحات، قانونی اصلاحات یا پاکستان کا نظام ٹھیک کرنا ہے تو اس کے لئے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے، ایک نقطے پر ان سے بات ہو سکتی ہے کہ سب سے پہلے پاکستان کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے، ان کا بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا ہے، جلسوں اور ریلیوں سے حکومتیں نہیں گرائی جا سکتیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔