اسلام آباد۔14فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
جمعہ کو وزارت امور کشمیر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے جمعہ کو یہاں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر قانون گلگت بلتستان غلام محمد اور وفاقی سیکرٹری وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو سستی بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے سیکرٹری امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران کو بھاشا ڈیم کے متاثرین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر نے جی بی کے مسائل پیش کئے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=560791