اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے محکمہ سیاحت،کھیل و ثقافت کے زیر اہتمام پاکستان میں سیاحت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیئے گلگت بلتستان میں ،سیون ڈے ونٹر فیسٹول 15 سے 25 جنوری 2024ء تک منعقد ہوگا،پہلی بار نیشنل آئیس ہاکی چیمپئن شپ، مقامی کھیلوں، ثقافتی پروگرامات سمیت تمام دس اضلاع میں فیسٹول کا انعقاد کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیر سیاحت گلگت بلتستان غلام محمد ، وزیر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی راجہ ناصر علی خان ، وائس پریزیڈنٹ پاکستان ونٹر اسپورٹس آیئر کموڈر ریٹائرڈ شاہد ندیم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد اور سیکریٹری سیاحت،کھیل و ثقافت آصف اللہ خان نے اتوار کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ونٹر اسپورٹس سے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان میں سیاحت اور کھیلوں کو فروغ ملے گا۔ گلگت بلتستان سیون ڈے ونٹر فیسٹول کی پرموشن کیلئے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سیاحت،کھیل و ثقافت گلگت بلتستان غلام محمد نے کہا کہ گلگت بلتستان میں چاروں موسموں میں کھیلوں کے زریعے سیاحت کو اجاگر کررہے ہیں۔
موسم خزاں میں سرفہ رنگا سکردو کا انعقاد کیا گیا اور اب گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں آئس ہاکی سمیت دیگر مقامی کھیلوں کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے سیاح پاکستان کا رخ کرسکیں۔ گلگت بلتستان کی عوام اور حکومت زمہ داری کا مظاہرہ کرتی ہے اور کھیلوں سمیت کلچر ایونٹس وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہیں اور سیون ڈے ونٹر فیسٹول بھی اس کی ہی ایک کڑی ہے۔ اس سے قبل شگر سکردو بلتستان میں سرفہ رنگا فیسٹول کروایا جو بہترین اور کامیاب ثابت ہوا ۔
گلگت بلتستان میں گرمیوں میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے اور ہم ونٹر اسپورٹس ایونٹس کے ذریعے سردیوں میں بھی سیاحوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس خوبصورت خطے کی سیر کریں۔ وزیر محکمہ منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان راجہ ناصر علی خان نے کہا کہ ہم کوشش کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو زیادہ سے زیادہ پرموٹ کریں۔
چاروں موسموں کے مطابق اسپورٹس کے ایونٹس منعقد کریں تاکہ علاقے کو دنیا بھر میں پرموٹ کیا جاسکے۔ سرفرنگا فیسٹول کی طرح اس ایونٹ کو بھی مستقبل میں بہتر سے بہتر انعقاد کریں گے۔گلگت بلتستان پوری دنیا میں پاکستان کی سیاحت کا حب بن چکا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہونے والے اس ایونٹ میں دنیا کو اچھا پیغام دینا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر ہوسک۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد نے کہا کہ گلگت بلتستان پوری دنیا کا خوبصورت ترین خطہ ہے، بدقسمتی سے سیاحت اور کھیلوں کے حوالے سے مواقع ہونے کے باجود نظر انداز کیا جاتا رہا ہے۔
سیون ڈے ونٹر فیسٹول میں نیشنل آئس ہاکی چیمپئن سمیت مقامی ونٹر کھیلوں کے زریعے پوری دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھائیں گے۔ گلگت بلتستان جیسی خوبصورتی پوری دنیا میں کہیں نہیں ہے، لوگوں کو بتانا ضروری ہے کہ گلگت بلتستان ونٹر اسپورٹس کے حوالے سے دنیا میں سب سے بہترین جگہ ہے،گرمیوں میں گلگت بلتستان میں سیاحت بہت زیادہ ہوتا ہے لیکن سردیوں میں نہ ہونے کے برابر ہے، ونٹر اسپورٹس ایونٹ سے ہم سیاحوں کو گلگت بلتستان کی طرف سردیوں میں بھی زیادہ سے زیادہ لانا چاہتے ہیں
، گلگت بلتستان کے اپنے ثقافتی گیمز ہیں ایسے ایونٹس کے انعقاد سے وہ بھی اجاگر ہوں گے۔ ہم اگلے سال اسے ایونٹ کو بڑے لیول پر انعقاد کریں گے اور پوری دنیا کو دکھائیں گے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کی وجہ سے ماحولیات خراب نہیں ہورہا ہے بلکہ گلگت بلتستان دنیا کی بدلتی ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نقصان ہورہا ہے۔ گلگت بلتستان دنیا کے بہترین پلے گرونڈ ہے اور بن سکتا ہے،
گلگت بلتستان میں ونٹر اسپورٹس کے حوالے سے اچھے انتظامات کر رہے ہیں، میڈیا سے گزارش ہے کہ دنیا کو دکھائیں اس طرح کا خوبصورت ایونٹ منعقد کررہے ہیں، وائس پریزیڈنٹ ونٹر اسپورٹس آیئر کموڈر ریٹائرڈ شاہد ندیم نے کہا کہ میرا گلگت بلتستان سے پرانا تعلق ہے نلتر میں اپنے فرائض انجام دیتا رہا ہوں، فیڈریشن نے نلتر سے نکل کر اب غلکن ہنزہ میں آئس ہاکی چیمپئن شپ شروع کیا ہے۔
گلگت بلتستان میں ونٹر اسپورٹس کا جو بھی ایونٹ کروائیں، سب آتے ہیں ملکی و غیر ملکی مقامی سیاحوں کا خوب رش ہوتا ہے، گلگت بلتستان والے جس طرح دیگر ایونٹس کو لیڈ کر رہے ہیں اسی طرح لیڈ کریں۔ اسپورٹس فیڈریشن کی کوشش ہے ہم ایشین گیمز اور 2026 اولمپک گیمز میں اپنے ایتھلیٹ لیکر جائیں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔
سیکرٹری سیاحت،کھیل و ثقافت گلگت بلتستان آصف اللہ خان نے دس روزہ ونٹر اسپورٹس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیون ڈے فیسٹول کا دوسرا ایڈیشن منعقد کروا رہے ہیں جو اس بار کچھ منفرد ہوگا. گلگت بلتستان کے چار موسموں کا اپنا الگ حسن ہے اور اس دلکش حسن کو ہم سیاحوں کو دکھانے کی کوشش رہے ہیں. ہم نے موسم خزاں میں سرفہ رنگا فیسٹول منقعد کروایا اور اب ونٹر فیسٹول کرنے جارہے ہیں۔
پورے گلگت بلتستان کے تمام دس اضلاع میں یہ سیون ڈے فیسٹول منقعد کررہے ہیں. گلگت بلتستان کے گلیشئرز کم ہوتے جارہے ہیں. ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات گلگت بلتستان میں کھل کر نظر آرہا ہے جس کا زمہ دار کوئی ایک نہیں ہم سب ہیں۔ ونٹر اسپورٹس کو گلگت بلتستان میں زیادہ اجاگر کرنا چاہتے ہیں، گلگت بلتستان کی ثقافت اور پرانے گیمز کو دوبارہ متعارف کروا رہے ہیں
، ونٹر اسپورٹس فیڈریشن پاکستان کے تعاون سے ہم منعقد کررہے ہیں. دس اضلاع میں مختلف ونٹر ایونٹس سمیت نیشنل آئس ہاکی چیمپئن شپ منعقد کر رہے ہی۔ اس ایونٹ کو ہم گلگت بلتستان سمیت ملک بھر اور دنیا میں متعارف کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔
گلگت بلتستان میں ان ایونٹس کی کامیابی میں حکومت گلگت بلتستان اور پرائیوٹ پارٹنرز کا اہم کردار ہے۔پہلی بار نیشنل آئس ہاکی کھلاڑی گلگت بلتستان کے اس ایونٹ میں شریک ہوں گے، گلگت بلتستان میں گزشتہ سال کئے گئے اقدامات کے باعث غیر ملکی سیاحوں کی آمد سے چار سو ملین روپے کی آمدنی حاصل ہوئی اور ہم اس تسلسل کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔