گلگت بلتستان میں ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز کا افتتاح

157
گلگت بلتستان میں ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز کا افتتاح

گلگت۔9جون (اے پی پی):گلگت بلتستان میں ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک نے اپنے نئے ریجنل ہیڈکوارٹرز کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ (اے کے ایف ای ڈی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئر پرنس رحیم آغا خان،ایچ بی ایل کے چیئرمین سلطان علی الانہ،ایچ بی ایل کے صدر اور سی ای او محمد ناصر سلیم، ایچ بی ایل ایم ایف بی کے چیئرمین ریومنڈ کوتوال، ایچ بی ایل ایم ایف بی کے سی ای او اور صدر عامر خان نے شرکت کی۔

یہ عمارت بینک کی پائیداری، جدت اور مقامی آبادی کی ترقی کیلئے بینک کے عزم کی عکاس ہے،جدید فن تعمیرات اور مقامی ثقافت کے بہترین امتزاج کی حامل عمارت ما حول دوست تعمیرات کے اعلی ترین معیارات پر پورا اترتی ہے، عمارت کو لیڈ(ایل ای ای ڈی) گولڈ سرٹیفکیشن اور ای ڈی جی ای ایڈوانسڈ سرٹیفکیشن سے نوازا گیا جو ملک میں مذکورہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والی پہلی عمارت ہے ۔

پرنس رحیم آغا خان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے ریجنل ہیڈ کوارٹرز کاافتتاح آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (اے کے ڈی این)اور بینک دونوں کیلئے شاندار سنگ میل ہے، یہ منصوبہ اے کے ڈی این کے 2030 تک کاربن کے زیرو اخراج کے حصول کے ہدف کی طرف بڑا قدم ہے۔ چیئرمین ایچ بی ایل ایم ایف بی ریومنڈ کوتوال نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ریجنل ہیڈ کوارٹرز پائیدار ترقی اور مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کیلئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے، ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے سفر میں گلگت خاص مقام رکھتا ہے کیونکہ ہم نے دو دہائی قبل اسی شہر سے اپنے سفر کاآغاز کیا

،یہ عمارت معاشی ترقی کے فروغ اور علاقائی ماحول کے تحفظ کیلئے ہماری لگن اور عزم کی علامت ہے،مقامی ثقافت کے ساتھ پائیدار طریقے اپناتے ہوئے ایچ بی ایل ایم ایف بی نے ماحولیاتی تحفظ اور کارپوریٹ ذمہ داری میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے نئے معیارات قائم کئے ہیں، ہمیں گلگت بلتستان کے علاقے کی ترقی میں کردارادا کرنے پر فخر ہے اور ہم تمام پاکستانیوں کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

صدر و سی ای او ایچ بی ایل ایم ایف بی عامر خان نے کہاکہ گلگت بلتستان کا فلیگ شپ ریجنل ہیڈکوارٹرز پاکستان کے بہترین مائیکروفنانس بینک کی طاقت اور استحکام کو ظاہرکرتا ہے، ریجنل ہیڈکوارٹرز نہ صرف ہماری آپریشنل صلاحیتوں کومزید تقویت دے گا بلکہ گلگت بلتستان کیلئے ترقی اور امید کی کرن بھی ثابت ہوگا، پراجیکٹ کے دوران علاقہ پر خصوصی توجہ دی گئی یہی وجہ ہے کہ مقامی معیشت کو فروغ دینے کیلئے پراجیکٹ کی کل لاگت کا 27فیصد مقامی سپلائرز کیلئے مختص کیا گیا۔