اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کی سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت، تعلیم اور سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے،گلگت بلتستان میں بے پناہ اور وسیع اقتصادی صلاحیت موجود ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری گلگت بلتستان کونسل کے اراکین سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ، گلگت بلتستان چین کے سنگم پر واقع ہے،گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری سے خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی۔وفد نے صدر مملکت کو گلگت-بلتستان کی ترقیاتی اور مالی ضروریات بارے آگاہ کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان ، گلگت بلتستان کونسل کے اراکین اور اعلیٰ سرکاری افسران شریک تھے ۔
صدر مملکت نے گلگت میں ہوائی اڈے کو وسعت دینے ، گلگت-بلتستان کی ترقی کیلئے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی اقتصادی صلاحیت سے عوامی مفاد میں استفادہ کیا جانا چاہیے ، دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا معاملہ مناسب فورم پر اٹھایا جائے گا جبکہ صحت سہولت پروگرام کے بند ہونے سے گلگت بلتستان کے لوگ ہیلتھ انشورنس کی خدمات حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔
صدر مملکت نے گلگت بلتستان کی عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت سہولت پروگرام کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز دی ۔ وفد نے گلگت بلتستان کی ترقی ، مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے وفد کو گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون اور حمایت کا یقین دلایا۔