اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گلگت بلتستان میں توانائی کے مسائل حل کے لیے نلتر ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد از جلد فعال کرنے کی ہدایت کی ہے،نلتر ہائیڈرو پاور منصوبے کا پی سی ون تیسری دفعہ منظوری کے لیے جمع کرایا گیا ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے رواں سال ستمبر تک نلتر ہائیڈروپاور پلانٹ کو ہر حال میں فعال کرنے کی ہدایت کی اور اس حوالہ سے متعلقہ حکام کے ساتھ خصوصی ملاقات بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں توانائی کے مسائل کو اولین ترجیح پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، بجلی کی فراہمی شہریوں کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ اسکا ہر شہری کی روزمرہ زندگی پر براہ راست اثر ہوتا ہے،بجلی کی ناقابل اعتماد رسائی سماجی ترقی کو متاثر کرتی ہے اور ماحولیاتی خدشات کو بڑھاتی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نلتر ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد از جلد آپریشنل کیا جائے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو ریلیف ملے،اس منصوبے پر عمل درآمد کی مدت اگست 2009 سے 30 جون 2025 تک تھی۔پہلا پی سی یکم اگست 2009 میں 1372.330 ملین روپے میں منظور ہوا تھا جبکہ دوسرا پی سی1 2021 میں 6199.493 ملین روپے میں منظور ہوا تھا اور تیسرا پی سی1 اب 10841.129ملین روپے میں سپانسرز کی طرف سے جمع کرایا گیا ہے
،انجینئرنگ ڈیزائن، تعمیراتی مواد کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈالر کے بڑھنے کی وجہ سے منصوبے کی لاگت بڑھ گئی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے متعلقہ حکام کو خصوصی ہدایت کی کہ رواں سال ستمبر میں منصوبے کی تکمیل کی جائے تاکہ گلگت بلتستان کے شہریوں کو توانائی کے بحران سے نکالا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595619