گلگت بلتستان میں تیسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری

237

گلگت ۔ 22 جنوری (اے پی پی) گلگت بلتستان کے طول وعرض میں شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔شاہراہ قراقرم کوہستان پٹن اور برسین کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے گزشتہ 48گھنٹوں سے بلاک ہے،جس کی وجہ سے ہزاروں مسافر راستے میں پھنس گئے ہیں اور گاڑیوں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔پولیس کے مطابق کوہستان کے مختلف مقامات پر بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور کہیں کہیں برف باری بھی ہورہی ہے جس کی وجہ سے شاہراہ قراقرم کو کھولنے میں مشکلات درپیش ہے اور اوپر سے مزید لینڈ سلائیڈنگ ہورہی ہے۔ضلع دیامر کے بالائی علاقوں میں برف باری سے رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں ،تانگیر میں بجلی معطل ہونے سے آٹے کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔دیامر کے عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بالائی علاقوں میں مقیم لوگوں کی ضرورریات پوری کرنے کیلئے سڑکیں بحال کریں۔ شاہر اہ قراقرم گلگت ہنزہ نگر سیکشن پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہے۔