گلگت بلتستان کو اس وقت بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جس کا تقاضا ہے کہ کچھ بروقت اور تلخ فیصلے کئے جائیں، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان

136
Haji Gulbar Khan
Haji Gulbar Khan

گلگت ۔14نومبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبائی وزراء کے ساتھ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں کئے جانے والی مشاورتی نشست کے تحت عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کو اس وقت بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جس کا تقاضا ہے کہ کچھ بروقت فیصلے کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت منفی سیاست کرنے کا نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے وسیع تر مفاد میں عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ بحیثیت عوامی نمائندے ہمیں گلگت بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل کا بھرپور ادراک ہے۔

غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے ہیں۔ ٹارگٹڈ سبسڈی کا مقصد ان مشکل حالات میں بھی مستحق طبقے کو ریلیف دینا ہے۔ وفاقی حکومت سے گلگت بلتستان کو درپیش مسائل کے پائیدار اور قابل عمل حل کیلئے تعاون کی درخواست کی ہے کہ جس طرح آزاد کشمیر کو این ایف سی میں حصہ ملتا ہے اسی طرح گلگت بلتستان کو بھی این ایف سی میں حصہ ملے۔ اگر این ایف سی میں گلگت بلتستان کا شیئر مختص کیا جاتا ہے توہم اپنے عوام کو بہتر سہولیات اور ریلیف دے سکتے ہیں۔

عوام اور گلگت بلتستان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں۔اجلاس میں صوبائی سیکریٹری خوراک کی جانب سے ٹارگٹڈ سبسڈی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ٹارگٹڈ سبسڈی اور گندم کے قیمتوں میں اضافے کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندہ وفد سمیت صوبے میں سیاسی، معاشی، کاروباری اور عوامی سطح کے نمائندہ فورمز سے نشست اور ان کی تجاویز لینے کیلئے کابینہ کی ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ مکمل ہم آہنگی کے ماحول کو پروان چڑھایا جاسکے۔

اجلاس میں عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کے کاوشوں اور جذبات کو سراہتے ہوئے اس بات اعادہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کی خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔