گلگت ۔26ستمبر (اے پی پی):معاون خصوصی اطلاعات گلگت بلتستان ایمان شاہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئےصحافیوں کی کوششیں قابل تحسین ہیں،خطے میں قیام امن کیلئے اہل قلم کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔گلگت بلتستان میں حالیہ پرامن اجتماعات کو بھارتی میڈیا نے منفی طریقے سے پیش کیا،
صحافیوں کو گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے خطے کی تعمیر و ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ سنٹرل پریس کلب گلگت میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں اور اخباری صنعت کی بہبود کیلئے اقدامات کررہی ہے۔صحافیوں کیلئے ایکسپوزر وزٹس کیلئے بھی لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے روز اول سے ہی کوشاں ہے۔
آپ ہماری رہنمائی کریں گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح کے پہلو کو پیش نظر رکھیں تاکہ ہم سب مل کر خطے کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد پی ٹی وی کا بیورو آفس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔انہوں نے صحافیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کسی بھی خبر کو جاری کرنے سے پہلے خوب تحقیق کریں،
ہمارا خطہ انتہائی خوبصورت علاقہ ہے مگر بد قسمتی سے یہاں امن دشمن عناصر ہمیشہ حالات خراب کرنے کے درپے ہوتے ہیں ایسے میں ہمارے صحافتی برادری پر بھاری ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس خوبصورت خطے میں امن برقرار رکھنے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔ سیمینار کے آخر میں صدر سینٹرل پریس کلب خورشید احمد نے معاون خصوصی گلگت بلتستان ایمان شاہ،سیکرٹری انفارمیشن گلگت بلتستان فدا حسین و دیگر کو سوینئر پیش کی ۔