اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔بدھ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت گلگت بلتستان کونسل میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کے مسائل کا حل وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دنیا کا اعلیٰ سیاحتی مقام بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، گلگت بلتستان کے تاجروں کے مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا،
حکومت نے گلگت بلتستان کو گندم کی فراہمی کا مسئلہ حل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان دنیا کا بہترین سیاحتی خطہ بن سکتا ہے ، گلگت بلتستان معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے، اس صنعت کو فروغ دیا جائے گا۔