گلگت۔20دسمبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کی حکومت اور محکمہ تعلیم علاقائی تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے لیے سخت نگرانی کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ ترجمان محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صوبائی حکومت نے تعلیمی نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا کی قیادت میں صوبائی حکومت تمام تعلیمی اداروں کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے
اچھی انتظامیہ کی خصوصیات میں قیادت، دیانتداری، نظم و ضبط، تنظیمی مہارت، مثر ابلاغ اور جدت پسندی شامل ہیں، ان صفات کا حامل منتظم ایک بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور طلبا کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، حکومت نے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے انعام و اعزاز کا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیان کے مطابق جو منتظمین اور عملہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے انہیں خصوصی انعامات اور اعزازات سے نوازا جائے گا، اس اقدام کا مقصد صحت مند مسابقت کو فروغ دینا، کارکردگی کو مزید موثر بنانا اور علاقے میں تعلیمی انقلاب برپا کرنا ہے۔
صوبائی حکومت کا یقین ہے کہ قابل انتظامیہ، محنتی اساتذہ اور مضبوط حکومتی پالیسیوں کے ذریعے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔