گلگت بلتستان کی عوام کا 73سالہ دیرینہ مطالبہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقتدار کے دو سال میں پورا کر دیا ، علی امین گنڈا پور

83

گلگت۔3نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے ہنزہ علی آباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کا 73سالہ دیرینہ مطالبہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقتدار کے دو سال میں پورا کر دیا ہے جس کے لیے سابقہ حکومتوں نے رکاوٹیں پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہنزہ میں بجلی کی شدید قلت کو دور کر دیا جائے گا ،علی آباد اور دیگر موضع جات ہنزہ کے لیے پینے اور آبپاشی کے لئے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لئے علی آباد واٹرچینل ٹنل پر کام شروع کر دیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی دو دو مرتبہ اقتدار میں آئی مگر عوام کو نقصان دینے کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔یہ لوگ گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دے سکتے تھے مگر وہ اس علاقے سے مخلص نہیں ہیں۔عمران خان کی حکومت نے اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور مخالفتوں کے باوجود صوبہ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب کریں تاکہ آپ کے مسائل حل ہوں ۔انہوں نے کہا بلاول زرداری بھی ان دنوں گلگت بلتستان کے دورے پر ہیں اور گلگت بلتستان کو لاڑکانہ بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ خدارا ان کو کہو ہمیں لاڑکانہ نہیں چاہئے۔ لاڑکانہ میں اس وقت عوام بھوک پیاس اور مختلف بیماریوں سے جانبحق مر رہے ہیں اور دیگر مسائل سے دوچار ہیں ۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عبید اللہ بیگ نے ضلع ہنزہ کے عوام کو درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا ۔