گلگت بلتستان کےلئے پی ایس ڈی پی پروگرام میں ان منصوبوں کو ترجیج دی جائے گی جو تکمیل کے مراحل میں ہیں،علی امین خان گنڈاپور

101

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کےلئے پی ایس ڈی پی پروگرام میں ان منصوبوں کو ترجیج دی جائے گی جو تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کےلئے پی ایس ڈی پی پروگرام کو حتمی شکل دینے کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان طارق محمود پاشا، جوائنٹ سیکرٹری وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے علاوہ وزارت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی پروگرام میں ان منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور جو عوام کے بہترین مفاد میں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوم کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیج ہے اور حکومت تعلیم اور صحت سے متعلق منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی ہدایت کی کہ زیر التواءمنصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کےلئے فوری اقدامات کئے جائیں اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے متحرک انداز سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبہ کے فروغ کےلئے بھی ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے تاکہ ان علاقوں کو مالی لحاظ سے خود کفیل کیا جا سکے اور آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ترقی و خوشحالی کی نئی بنیاد رکھی جا سکے۔