بیجنگ ۔13دسمبر (اے پی پی):گلگت بلتستان کے سرکاری افسران اور زرعی ماہرین کے ایک وفد نے چین کے شہر لانژو کا دورہ کے دوران زرعی ٹیکنالوجی اور مشینری کو گلگت بلتستان منتقل کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔وفد نے لانژو کے دورہ کے موقع پر مقامی کاروباری اداروں کے نمائندگان سے ملاقات کی اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھر پور تبادلہ خیال کیا ۔
چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این ) کی رپورٹ کے مطابق، گانسو اکیڈمی آف مکینیکل سائنس کے ذیلی ادارے جینکیفینگ کمپنی کے دورے کے دوران، پاکستانی وفد نے پروڈکشن بیس کا دورہ کیا اور کمپنی کی فلیگ شپ مصنوعات اور ان کی زرعی پیداوار میں وسیع ایپلی کیشنز کے بارے میں جامع معلومات حاصل کیں۔کمپنی نے سائیلج کی کٹائی کے آلات کے مکمل آپریشنل ماڈل کا بھی مظاہرہ کیا جسے وہ پاکستان میں نمائش اور فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، جس نے وفد کے اراکین میں کافی دلچسپی پیدا کی۔
بعد ازاں مستقبل کے تعاون کے ماڈلز اور مخصوص منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔وفد نے جنکیفینگ کمپنی کے ساتھ زرعی آلات میں خاطر خواہ تعاون کی توقع ظاہر کی، جس کا مقصد پاکستان میں زراعت کی جدید کاری کو آگے بڑھانا ہے۔خیالات کے تبادلے کے بعد زرعی ٹیکنالوجی اور مشینری کو گلگت بلتستان منتقل کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔