گلگت بلتستان کے طلباو طالبات کیلئے انڈرگریجویٹ سکالرشپ کمیٹی کا اجلاس،طلبا کے تیسرے بیج کے انتخاب کی منظوری

187
Higher Education Commission

اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)کے ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاءالقیوم کی زیر صدارت گلگت بلتستان کے طلباو طالبات کیلئے انڈرگریجویٹ سکالرشپ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سکالرشپ کمیٹی نے گلگت بلتستان کے طلبا کے تیسرے بیج کے انتخاب کی منظوری دے دی ہے جو پاکستان کی مختلف سرکاری یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت کے وائس چانسلر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلتستان سکردو ڈاکٹر محمد نعیم خان، ڈائریکٹر جنرل (ایچ ای سی) اسکالرشپس) ایچ ای سی عائشہ اکرام،اسسٹنٹ چیف (ایس اینڈ ٹی) پلاننگ کمیشن محمد ظہیر اور ڈائریکٹر ایجوکیشن (کالجز) جی بی جمعہ گل اورپروجیکٹ ڈائریکٹر (جی بی اسکالرشپس) ایچ ای سی جاوید حسن اعوان موجود تھے۔

تیسرے بیچ کے حصول کیلئے ایچ ای سی نے اگست 2023 میں سکالرشپ کا اشتہار دیاتھاجس کے بعد ٹیسٹ نومبر میں لیا گیا تھاجن میں سے مجموعی طور پر 100 طلبا کا انتخاب عارضی طور پر میرٹ پر کیا گیا جس میں 37 طالبات بھی شامل ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گلگت بلتستان کے طلبا کے لیے انڈر گریجویٹ سکالرشپ پروگرام گلگت بلتستان کیلئے انڈر ڈویلپمنٹ پیکج کا حصہ ہے۔

اس پروگرام کا مقصد پاکستان میں ایچ ای سی کی تسلیم شدہ سرکاری یونیورسٹیوں میں انڈرگریجویٹ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند جی بی کے طلبا کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے ہے۔ یہ پروگرام 2021 میں شروع کیا گیا تھا اور اس کے تحت اب تک 275 طلبا کو سکالرشپ سے نوازا جا چکا ہے۔