گلگت بلتستان کے لوگوں کو برابری کے حقوق دینا ناگزیر ہے، اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہو جائے گا ،وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین

144
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین
کسان کارڈز کا اجراء کسانوں کیلئے ایک سنگ میل ہوگا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو برابری کے حقوق دینا ناگزیر ہے، اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہو جائے گا اور گلگت بلتستان پاکستان کا پانچواں صوبہ بن جائے گا، اپوزیشن جماعتیں حکومت نہیں ریاست کے خلاف جا رہی ہیں، قومی اداروں پر تنقید سے ریاست کمزور ہو گی، وزیراعظم عمران خان کی نواز شریف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے، اپوزیشن رہنما ذاتی مفادات کے تحفظ اور نیب کیسز سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے قومی اداروں کے خلاف متنازعہ بیانات دے رہے ہیں جبکہ حکومت کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتی ہے اور وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں میں تسلسل کے ساتھ قومی اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ملک توڑنے کی باتیں ہو رہی ہیں،اپوزیشن کو اپنے بیانیے کے بارے دوبارہ سوچنا چاہیے، اپوزیشن کو حکومت کی کارکردگی اور پالیسیوں پر تنقید کرنے کا پورا حق ہے تاہم وہ اداروں کے خلاف بیان بازی میں احتیاط کریں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عوام نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) حکومت کو بدعنوان عناصر کے خلاف احتساب کیلئے ووٹ دیا ہے، اسلئے حکومت اپنے منشور سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی،اپوزیشن کا ڈائیلاگ نیب کیسز پر رکا ہوا ہے، اپوزیشن اپنے آٹھ کیسز سے آگے بڑھنے کیلئے تیار نہیں ہے اور وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں احتساب کے معاملے پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کیسز کے علاوہ عوامی مسائل اور قومی مفادات کے معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے، ہم نے اپوزیشن کو سینیٹ انتخابات میں آئینی ترامیم کی تجویز پیش کی ہے، چاہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات اوپن ہوں، اپوزیشن جماعتیں آئیں اور سینیٹ انتخابات میں ترامیم اور انتخابی اصلاحات قانون کے حوالے سے تجاویز دیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کا انضمام اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا فیصلہ موجودہ حکومت کے بڑے کارنامے ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں کو برابری کے حقوق دینا ناگزیر ہے، ن لیگ نے بھی اپنی انتخابی مہم کے دوران گلگت بلتستان کے لوگوں سے صوبے کا وعدہ کیا تھا، جو سیاسی جماعتیں اس کی مخالفت کریں گی وہ بھاری قیمت چکائیں گی، نوے فیصد قانون سازی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے کے ساتھ ہو رہی ہے، گلگت بلتستان کے معاملے پر بھی اتفاق رائے ہو جائے گا اور یہ پاکستان کا پانچواں صوبہ بن جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کا بیان انتہائی غیرمناسب ہے، توقع ہے کہ وہ معذرت کر لیں گے۔