استور۔13 اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی کوششوں کے نتیجے میں وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کے لئے4 بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ کے ترجمان فیض اللہ فراق نے ا یک بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہینزل 40 میگاواٹ پاور پراجیکٹ ، داریل تانگیر ایکسپریس وے، گریٹر واٹر سپلائی ہنزہ اور شغرتھنگ منصوبے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
مذکورہ میگا پراجیکٹں کی تکمیل سے صوبے کی روڈ کنیکٹوٹی میں بہتری آئے گی اور بجلی لوڈ شیڈنگ کسی حد تک ختم ہوگی ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مذکورہ منصوبے اہم فورم سے منظور ہو گئے ہیں اب ٹینڈر کے عمل سے گزر کر ان پر تعمیر کے کام کا آغاز ہوگا ۔ ترجمان نے کہا کہ اس سے قبل 20 میگاواٹ ہینزل پاور پراجیکٹ کی بات چل رہی تھی لیکن 40 میگاواٹ کیلئے وفاقی فورم تیار نہیں تھا مگر اس بار حاجی گلبر خان کی بھرپور کوششوں سے وفاقی حکومت نے 40 میگاواٹ ہینزل پاور پراجیکٹ کی منظوری دی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کم وقت میں حاجی گلبر خان اور ان کی ٹیم نے اپنی بھرپور توانائی کے ساتھ وفاق کے سامنے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کا مقدمہ بھر پور انداز پیش کیا اور ہر بات منوانے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔