گلگت میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

100

گلگت۔31جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ گلگت امیر اعظم حمزہ کی ہدایات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلگت عارف حسین نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر تین روزہ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

جمعہ کو افتتاحی تقریب سٹی ہسپتال گلگت میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گلگت میں 64,660 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے اس قومی مہم کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور ہر ممکن اقدامات کرنے پر زور دیا اور واضح کیا کہ مہم کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔ اگر کسی جگہ پولیو ٹیم دستیاب نہ ہو تو فوری طور پر ڈی ایچ او کنٹرول روم (05811920111) یا الفا کنٹرول روم (05811920724) پر اطلاع دیں تاکہ تمام بچوں تک یہ حفاظتی قطرے پہنچ سکیں اور انہیں تاحیات معذوری سے بچایا جا سکے۔اس موقع پر ڈی ایچ او گلگت اور ایم ایس سٹی ہسپتال نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔