گلگت۔12مئی (اے پی پی):گلگت یونین آف جرنلسٹس نےوزیر اعظم کی طرف سے آزادی اظہار رائے و تحفظ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ 2025 کی گلگت بلتستان میں توسیع دینے کی منظوری کو علاقے میں صحافیوں کے تحفظ اور پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی آزادانہ انجام دہی کے لیے دانشمندانہ اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے اعلامیے میں گلگت یونین آف جرنلسٹس نے اس موقف کا اظہار کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے صحافی گزشتہ کئی عرصے سے اس بل کی منظوری کے لئے آواز اٹھا رہے تھے۔ اس حوالے سے گلگت یونین آف جرنلسٹس نے ہر فورم پر ارباب اختیار کو اس ایکٹ کی اہمیت کو باور کرانے کے لیے کوششیں عمل میں لاتی رہی اور آج بذریعہ نوٹیفکیشن توسیع کے بعد یہ کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوئی ، یونین سمجھتی ہے کہ یہ بل نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے
اس اقدام سے صحافیوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ کوئی بھی فرد یا ادارہ صحافیوں کو خبر کے سورس کو افشاں کرنے کا پابند نہیں کر سکتا اور نہ ہی دباؤ ڈال سکتا ہے ، ایکٹ سے صحافیوں کو کوئی ہراساں نہیں کرسکے گا اور حکومت کو صحافیوں کے فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھانے کا بھی پابند کیا ہے ۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے گلگت یونین آف جرنلسٹس نے تین مئی کو عالمی یوم آزادی صحافت کے موقعہ پر بھی قراداد کے ذریعے اس بل کو گلگت بلتستان تک توسیع دینے کا مسئلہ اجاگر کیا تھا جسے گلگت بلتستان کونسل سے منظوری کے بعد گلگت بلتستان تک توسیع دی گئی ہے جو کہ لائق تحسین اقدام ہے۔
گلگت یونین آف جرنلسٹس حکومت کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت کے فروغ سے متعلق مزید قانون سازی کی جائے گی جس سے ریاست کے اس چوتھے ستون کی بہتر آبیاری ہو سکے گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596307