اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) وزیر مملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان پر گلہ لئی نے غیر اخلاقی پیغامات کا الزام عائد کیا ہے، ثبوت کیلئے عمران خان بلیک بیری کیوں نہیں دیتے۔ منگل کو ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزامات عائد ہوئے تو ثبوت دینے سے بھاگ رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں مراد سعید پر الزامات لگائے ہیں، عمران خان کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش ہو کر جواب دینا پڑے گا، عمران خان کے کرتوت سامنے آ گئے ہیں اب وہ بچ نہیں سکتا، ابھی تو شروعات ہے، آگے 10 ہزار اور بھی الزامات سامنے آئیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ نواز شریف کا ہے اور پاکستان کے عوام بھی نواز شریف کے ساتھ ہیں، وہ عوام کے دلوں میں بسے ہوئے ہیں ،جہاں سے انہیں کوئی نہیں نکال سکتا۔