ایبٹ آباد۔20نومبر (اے پی پی):گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور شہروں میں پہلی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔گلیات کے پہاڑوں پر حالیہ پہلی برف باری کے بعدسردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا ہے۔ گلیات کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔برفباری کے بعد ابھی تک اہم رابطہ سڑکوں ایوبیہ پنڈی، باڑیاں مری، نتھیاگلی ایبٹ آباد اور دیگر رابطہ سڑکوں پر شدید پھسلن کی وجہ سے آمدوفت میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ موسم سرما میں بھی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں برفباری کے نظارے کرنے اور قدرت کے حسین مناظر کو دیکھنے گلیات کا رخ کرتی ہے۔ تاہم مقامی آبادی اور سیاحوں کو مناسب سہولیات کی فراہمی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات درپیش رہتی ہیں۔شدیدسردی کے باعث زیادہ تر سیاح ہوٹلوں اورمقامی لوگوں گھروں میں مقید ہوکررہ گئے ہیں۔سیاحتی مقام پر سیاح گرم کپڑوں میں ملبوس اس جنت بینظیر وادی کے دلکش سردموسم سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں اور اپنے جسموں کوگرم رکھنے کیلئے گرم مشروبات،کافی،سوپ،ڈرائی فروٹ کا استعمال کرتے نظر آرہے ہیں۔