گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے حکومت کی محکمہ زراعت کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

126
Wheat

فیصل آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے محکمہ زراعت کو گندم کی بمپر کراپ کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران و اہلکاران کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر نے کی ترغیب دیں تاکہ گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول سمیت آئندہ سال کیلئے مقرر کردہ گندم کے پیداواری اہداف کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

ویٹ ریسرچ انسٹیٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جاوید احمدنے کاشتکاروں سے کہا کہ وطن عزیز کی روز افزوں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر غذائی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی غذائی ضروریات میں خود کفیل ہو سکیں اور اضافی گندم برآمد کر کے ملک کو قیمتی زر مبادلہ کمانے کے قابل بھی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ زراعت کو تمام وسائل فراہم کر رہی ہے لہٰذا وہ بھی کاشتکاروں کو تمام سہولیات کی بہم رسانی یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی غرض سے گاؤں اور تحصیل مراکز کی سطح پر فارمرز ڈیز کا بھی انعقاد کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر مطلوبہ کھادوں کی دستیابی میں کمی کی کوئی شکائت ہو تو فوری طور پر متعلقہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر یاڈی او زراعت سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

دریں اثنا محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ محکمہ زراعت کے مشوروں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ پاکستان کو غذائی خود کفالت سے ہمکنار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی گندم برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکے۔