گندم کی بہترین پیداوارکیلئے ڈرل کاشت کو ترجیح دیتے ہوئے 20نومبر سے قبل کاشت کی جائے،ثاقب علی عطیل

256
Wheat

ملتان۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہاہے کہ گندم کی بہترین پیداوار حاصل کرنے اورفصل کوبیماریوں سے بچانے کیلئے ڈرل کاشت کوترجیح دیتے ہوئے 20نومبر سے قبل کاشت کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق پیرکے روز سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت یہاں ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں گندم کی کاشت و پیداواری ہدف کے حصول سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گندم ہماری فوڈ سکیورٹی کی ضامن ہے ،جس کی پیداوار میں اضافہ وقت کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امسال جنوبی پنجاب میں 64 لاکھ ایکڑ سے زائدرقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی جس سے 1 کروڑ 11 لاکھ 51 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوگی،گزشتہ سال کی نسبت گندم کی فی ایکڑ پیداوار کا ہدف ساڑھے 7 من زائد رکھا گیا ہے جس سے فی ایکڑ اوسط پیداوار 43 اعشاریہ 63 من فی ایکڑحاصل ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سہولیات بارے کاشتکاروں کو آگاہی دی جائے جبکہ کاشتکاروں کو تربیتی پروگرامز میں گندم کی منظور شدہ اقسام کے تصدیق شدہ بیج کے استعمال، سیڈ ٹریٹمنٹ، زمین کی تیاری، وقت کاشت، ڈرل سے کاشت کے فوائد و کھادوں کے متوازن ومتناسب استعمال بارے فنی رہنمائی فراہم کی جائے۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نےکہاکہ 20 نومبر سے قبل گندم کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت ممکن بنائی جائے تاکہ فصل کوبیماریوں کے حملہ سے بچایاجا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے محکمہ انہار کے افسران سے مسلسل رابطہ میں رہیں تاکہ کاشتکاروں کو بوائی کے وقت پانی کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ’’زیادہ گندم اُگاؤ‘‘ مہم چلائی جا رہی ہے جس کے تحت کاشتکاروں کو گندم کی منظور شدہ اقسام کے بیج و دیگر زرعی مداخل اور جدید زرعی مشینری پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔