فیصل آباد۔ 05 دسمبر (اے پی پی):گندم کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے کاشتکاروں کوسپرے کے دوران پانی کی مقدار100سے 120لٹر فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے اوربتایاگیاہے کہ گندم کی فصل میں موجود جڑی بوٹیاں 30سے 40 فیصدتک پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں لہٰذا کاشتکار بہتر پیداوار کیلئے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی یقینی بنائیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباداسرارارشدنے کہا کہ گندم کی فصل میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی بھر پور پیداوار کی ضامن ہے اسلئے کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بمپر کراپ کے حصول کی خاطر جدید زرعی آلات کے ذریعے فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی کی طرف خصوصی توجہ مرکوز کریں۔
انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کیلئے پہلی آبپاشی کے فوراً بعد ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے مناسب سپرے کیا جائے اورپانی کی مقدار 100سے120لٹرفی ایکڑ تک رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کے تدارک کیلئے دوسرے پانی کے بعد وتر حالت میں سپرے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹی مار زہروں کے سپرے کیلئے فلیٹ نوزل استعمال کی جائے اور تیز ہوا یا بارش و دھند کی صورت میں ہرگز سپرے نہ کیا جائے۔ انہوں نے سپرے کیلئے دوپہرکے وقت کو بھی موزوں قرار دیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=532295