ملتان۔ 24 نومبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دیں۔ترجمان محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم کے کاشتکار فصل کی بہتر پیداوار کے لیے متوازن اور متناسب کھادوں کا استعمال کریں،فاسفورسی اور پوٹاش کھاد کا استعمال بوائی کے وقت بذریعہ ڈرل کرنا انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے، کاشتکار زمین کی زرخیزی کے مطابق کھاد کا استعمال کریں تاکہ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو سکے،گندم کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے کھادوں کا متوازن اور متناسب استعمال بہت ضروری ہے۔
ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا ہے کہ کھادوں کے متناسب استعمال کے لیے زمین کا تجزیہ کرانا ضروری ہے،فاسفورسی اور پوٹاش کھاد کی تمام مقدار اور نائٹروجنی کھاد کی پہلی قسط بوائی کے وقت استعمال کی جائے،نائٹروجنی کھاد کو دو یا تین برابر اقساط میں استعمال کیا جائے جبکہ ریتلے علاقوں میں اس کی مقدار چار یا زیادہ اقساط میں ڈالی جائے،اگر فاسفورسی یا پوٹاش کھاد بوائی کے وقت نہ ڈالی جا سکے تو اسے پہلے پانی کے ساتھ استعمال کرنا ضروری ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پچھیتی کاشت کی صورت میں کھاد کی پوری مقدار بوقت بوائی ہی ڈال دی جائےاور بارانی علاقوں میں کھاد کی ساری مقدار بوقت بوائی استعمال کی جائے،کلر اٹھی زمینوں میں کیمیائی تجزیہ کے مطابق مون سون سے پہلے جپسم کا استعمال کیا جائے، ترقی پسند کاشتکاروں کے لیے دو بوری ڈی اے پی فی ایکڑ استعمال کرنے کی تجویز دی جاتی ہے۔ترجمان محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کی فصل میں کھاد کا استعمال فصل کی ضروریات کے مطابق کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ میں اضافہ کیا جا سکے۔