ٹوبہ ٹیک سنگھ۔ 10 نومبر (اے پی پی):گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ”زیادہ گندم اگاؤ مہم” کے حوالہ سے فارمرز ٹریننگ پروگرام کا انعقاد زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ زراعت توسیع کے اشتراک سے کیا گیا۔سب کیمپس ٹوبہ کے پرنسپل ڈاکٹر ضیاء الرحمان نے کہا کہ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی ہدایات کی روشنی میں یونیورسٹی کے ہزاروں پرجوش طلبہ اور محکمہ زراعت توسیع کا عملہ کاشتکاروں کو گندم کی سفارش کردہ اقسام، سفارش کردہ وقت و شرح بیج اور بیماری سے پاک، صحت مند اور تصدیق شدہ بیج اور سفارش کردہ پھپوندی کش زہر لگا کر کاشت کرنے کی ترغیب دے رہا ہے،
فوکل پرسن ڈاکٹر محمد فاروق خالد نے کہا کہ وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمد خاں کے وژن کے مطابق گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں روایتی طریقہ کاشت کو ترک کر کے جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے 100 فیصد تک اضافہ ممکن بنایا جاسکتاہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع فضل الرسول شاہد نے کاشتکار وں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی علاقوں میں گندم کا بہترین وقت کاشت یکم نومبر تا 20 نومبر ہے تاہم 30 نومبر تک کاشت کی جا سکتی ہے اگر پچھیتی کاشت ناگزیر ہو تو گندم کی مجوزہ اقسام کی بوائی 10 دسمبر تک مکمل کر لیں، بوائی کے وقت کھیت کے وتر کا خاص خیال رکھیں کھادوں کا مناسب استعمال اور جڑی بوٹیوں کا کنٹرول محکمہ کی سفارشات کے مطابق کریں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے رجسٹرڈ کاشتکاروں کو گندم کے تصدیق شدہ بیج اور جڑی بوٹیوں کیلئے زہروں پر فی ایکڑ سبسڈی کے متعلق بھی بتایا۔