گندم کے پیداواری مقابلہ میں پوزیشن حاصل کرنیوالے زمینداروں میں انعامی چیک تقسیم

177
Wheat

لاہور۔7جولائی (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع ضلع اوکاڑہ کے زیر انتظام زیادہ گندم آگائو مہم کے تحت ہونے والے پیداواری مقابلہ برائے گندم 24-2023 کے پوزیشن حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ ترجمان کے مطابق تقریب میں وزیر زراعت ولائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی اور کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کیے۔

اس موقع پر چوہدری شہباز اختر ڈائریکٹر زراعت توسیع ساہیوال ڈویژن ، محمد اعجاز ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ضلع اوکاڑہ اور ڈاکٹر محمد آصف رفیق اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع دیپال پور بھی موجود تھے۔ تقریب میں ضلع اوکاڑہ کے ترقی پسند کاشتکاروں اور دیگر معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ترجمان کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب نے اس پیداواری مقابلہ میں گندم کی زیادہ پیداوار حاصل کرنیوالے کاشتکاروں کے لیے پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے بالترتیب 3 لاکھ، 2 لاکھ اور1 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کر رکھا تھا ۔اس مقابلہ میں چوہدری علی نواز ولد اللہ دتہ سکنہ شیر گڑھ تحصیل دیپال پور نے 69.989 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی اور 3لاکھ روپے انعامی رقم کے حق دار ٹھہرے۔اسی طرح منیب اختر لاشاری ولد اختر علی خان لاشاری سکنہ بامہ بالا تحصیل رینالہ خورد نے 69.0938 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل اور 2 لاکھ روپے انعامی رقم کے حق دار رہے جبکہ حماد احمد ولد ریاست علی سکنہ چک نمبر 51/3R تحصیل اوکاڑہ نے 68.885 من فی ایکڑ پیداوار حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن اور 1 لاکھ روپے انعامی رقم حاصل کی۔

اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور محکمہ زراعت توسیع ساہیوال ڈویژن ساہیوال کی پوری ٹیم کی علاقہ کے کسانوں کی فلاح وبہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کے لیے 400 ارب روپے کے میگا پروجیکٹس شروع کیے گئے ہیں جس کے تحت گرین ٹریکٹر اسکیم، پنجاب کسان کارڈ کا اجرا، مالی اعانت پر زرعی آلات کی فراہمی ،کھادوں اور بیجوں پر سبسڈی پر دستیابی جیسی اسکیمیں شروع کی جارہی ہیں جس سے نہ صرف کسان مستفید ہوگا بلکہ ملک بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔