گندم کے کاشتکاروں کو کٹائی کے بعد گندم کی بھریاں رسی کی بجائے پرالی یا گندم کی ناڑ سے باندھنے کا مشورہ

256
wheat

فیصل آباد۔ 26 اپریل (اے پی پی):گندم کے کاشتکاروں کو کٹائی کے بعد گندم کی بھریاں رسی سے باندھنے کی بجائے پرالی یا گندم کی ناڑ سے باندھنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار بھریوں کو باندھنے کیلئے پرالی یا اسی قسم کی ناڑ استعمال کریں اور کٹائی کے بعد بھریاں باندھنے میں کسی غفلت کامظاہر ہ نہ کریں تاکہ تھریشننگ کے دوران انہیں کسی مشکل کاسامنا نہ کرناپڑے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ گند م کی کٹائی کے موقع پر غیر اقسام کے پودے نکالنے کا خاص خیال رکھا جائے اورجن علاقوں میں گزشہ ایام میں بارش ہو چکی ہے وہاں گندم کو اچھی طرح خشک ہونے کے بعد ہی کاٹنے کاعمل شروع کریں۔ انہوں نے کہاکہ اگر گندم کے دانے میں نمی کا تناسب 10 فیصد سے زائد ہو تو اس صورت میں کاشتکاروں کو محکمہ خوراک یافلور ملز کو گندم کی فروخت میں دشواریوں کاسامنا کرنا پڑ سکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ اب جبکہ موسم خشک اور دھوپ کی شدت میں اضافہ ہو گیاہے لہٰذاکاشتکار مزید ایک دو روز گندم کی فصل کو خشک ہونے دیں اوراس کے بعد کٹائی و گہائی کاعمل شروع کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر موسم گرم وخشک ہو تو گہائی کے بعد گندم کو ایک دو دن کیلئے کھیتوں میں دن کے وقت کھلاچھوڑنا بھی مناسب ہے تاکہ دانوں میں پائی جانیوالی نمی کاخاتمہ ہو جائے تاہم رات کے وقت اسے ترپال یاپلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر بارش کا امکان ہو تو وقتی طور پرکٹائی روک دی جا ئے۔