اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):گنی بساو میں پاکستان کے سفیر علی احمد آرائیں نے جمعرات کو جمہوریہ گنی بِساو کے صدر عمارو سیسکو ایمبالو کو صدارتی محل میں منعقدہ پر وقار تقریب میں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں ۔پاکستانی سفیر نے صدر مملکت اور وزیر اعظم کی جانب سے عمارو سیسکو ایمبالو کو گیانا بیساوکے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔بعد ازاں ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے گنی بساو کے صدر کو دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم ، زراعت ، دفاع اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں تعاون سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں اور دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ گنی بساو کے صدر نے پاکستانی سفیر کے مجوزہ اقدامات کو سراہا اور یقین دلایا کہ گیانا بساو کی حکومت ان کو عملی شکل دینے کے لئے پوری کوشش کرے گی۔