گنے کے کاشتکاروں کو مقررہ وقت پر ادائیگی نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، ادائیگیاں 45 دن کے اندر اور بینکوں کے ذریعے ہوں گی، گورنر پنجاب

56

لاہور۔24جون (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب شوگرفیکٹر یز کنٹرول ایکٹ کے ترامیمی مسودہ قانون 2021 کی منظوری دیدی،نئے ایکٹ 2021 میں شوگر ملز کو کسانوں کو ادائیگی کے حوالے سے بھی نئی شق شامل کر دی گئی ، شوگرملزگنے کے کاشتکاروں کو بنکوں کے ذریعے ادائیگی کر نے کی بھی پابندہوں گی ۔ تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب نے پنجاب شوگرفیکٹر یزکنٹرول ایکٹ کے تر میمی مسودہ قانون 2021 کی منظوری دے دی ہے، نئے ایکٹ میں کاشتکاروں کی سہولتوں کیلئے ا ہم تبدیلیاں کی گئیں ہیں، نئے ایکٹ 2021 میں شوگر ملز کو کسانوں کو ادائیگی کے حوالے سے بھی نئی شق شامل کر دی گئی ،

ترامیم کے بعد شوگرملزگنے کے کاشتکاروں کو بنکوں کے ذریعے ادائیگی کر نے کی پابندہوں گی، ترامیمی ایکٹ کے تحت پنجاب میں شوگر ملز حکومت کی مقررہ تاریخ پر ہی گنے کی کرشنگ کر سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب شوگرفیکٹر یز کنٹرول ایکٹ کے ترامیمی مسودہ قانون 2021کے تحت مقررہ وقت پرگنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کر نیوالی شوگر ملز کے خلاف ایکشن بھی لیا جائیگا ،نئے ایکٹ کے تحت گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی نہ کر نیوالی شوگرملزسے کین کمشنر ریکوری کو یقینی بنائیں گے۔مسودہ قانون کی منظوری دینے کے موقع پر گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ شوگر ملز کو پابند کر دیا ہے وہ 45 دن کے اندر کاشتکاروں کو مکمل ادائیگی کر ینگی اورادائیگی نہ کرنے والی شوگر ملز کے خلاف کین کمشنر ایکشن لے کرریکوری کروائیں گے،

یہ ادائیگیاں بنکوں کے ذریعے ہوں گی انشااللہ اب گنے کے کاشتکاروں کو شو گر ملزسے پیسے لینے کیلئے دھکے نہیں کھانے پڑ یں گے، حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ کاشتکاروں کیساتھ کسی قسم کے ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے کسانوں کابھی اہم کردار ہے اور حکومت گنے کے کاشتکاروں سمیت کسانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑ ے گی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام حکومتی ادارے اپنے کسانوں کیساتھ ہیں اور جہاں بھی انکے ساتھ کوئی ناانصافی ہوگی وہاں حکومتی ادارے فوری اور سخت ایکشن لیں گے۔