اسلام آباد ۔ 08 اگست (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے منصوبہ کے تحت گوادر بندرگاہ کو بھرپور طریقے سے فعال بنانے کے لئے اقدامات جاری ہیں، گوادر ماسٹر پلان بندر گاہ پر تجارتی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد گار ثابت ہو گا۔سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق گوادر کی بندر گاہ کو اس منصوبے میں بہت اہمیت حاصل ہے۔ ماسٹر پلان نہ ہونے کی وجہ سے گوادر میں تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں، اب اس ماسٹر پلان کی منظوری پر پیشرفت سے گوادر کی بندر گاہ کو ترقی دینے اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانے میں مدد ملے گی۔ ماسٹر پلان کا حتمی مسودہ چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی کو بھجوایا گیا تھا۔ ماسٹر پلان کا حتمی مسودہ من©ظوری کے لئے وفاقی کابینہ میں پیش کیاجائے گا۔