کوئٹہ۔ 20 جنوری (اے پی پی):بلوچستان کے وزیر مواصلات وتعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ملکی ترقی کیلئے اہم سنگ میل قراردیتے ہوئے کہاہے کہ مستقبل قریب میں گوادر ائیرپورٹ کاپاکستان کی اقتصادی ترقی اور علاقائی سیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ہو گا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ پیر کے روز پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کامیاب لینڈنگ سے ائیرپورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہوگیا ،گوادر ائیرپورٹ کااقتصادی ترقی کے حوالے سے عالمی مارکیٹ بلخصوص سیاحت اور تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ہوگا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا جغرافیائی حوالے سے ایک الگ مقام ہے اور اس کی ساحلی پٹی ملک کی ترقی میں اہم حیثیت رکھتی ہے ،پاکستان اور چین کے درمیان شروع ہونے والا سی پیک منصوبہ ملک کی تقدیر بدلنے کا ضامن منصوبہ ہے اور سی پیک کے تحت گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا تعمیراتی کام تکمیل تک پہنچ گیا ،اب اس ائیرپورٹ سے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن جاری رہے گی جس سے گوادر ہوائی راستے کے ذریعے ملک کے دیگر علاقوں سے رابطے میں رہے گا۔انہوں نے کہاکہ جہاں جغرافیائی طورپر پاکستان کا کردار ہے وہی دنیا کی نظریں گوادر پر ہیں ، اس اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے گوادر ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے ،وزیراعظم شہبازشریف ملک کی ترقی کیلئے ایسے منصوبوں کو پروان چڑھارہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمدہونگے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=548694