کوئٹہ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):ڈی جی نیب بلوچستان نعمان اسلم نے کہا ہے کہ گوادر انڈسٹریل زون کی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے ہرممکن تعاون کیا جائے گا ، مستقبل قریب میں گوادر نہ صرف خطے میں تجارتی گیٹ وے کا کلیدی کردار ادا کرے گا بلکہ بلوچستان اور پاکستان کی معاشی ترقی کی ضامن ثابت ہوگا، اس ضمن میں وفاقی حکومت کی ترجیحات میں گوادر اقتصادی راہداری کے تحت معاشی سرگرمیوں کا فروغ اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آفس دورے کے موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر جیڈا فرید محمد حسنی کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔
ڈی جی نیب نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وفاقی حکومت کی گوادر کی ترقی اور مکران کے ساحلی علاقوں کے لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کےلئے گہری نظر اور توجہ ہے ۔چائنا کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد گوادر کی ترقی کے لیے دیگر اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کےلئے وفاقی حکومت کی توجہ مبذول ہے ۔ ایم ڈی جیڈا کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر ڈی جی نیب بلوچستان نے جیڈا کے زیر نگرانی قائم گوادر انڈسٹریل زون کی ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا اور ایم ڈی جیڈا کو یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم پاکستان تک انڈسٹریل زون کے توسیعی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سفارشات پہنچائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اورانٹرنیشنل ائیر پورٹ کے ساتھ اکنامک انڈسٹریل زون کی آپریشنل سرگرمیوں سے خطے میں معاشی سرگرمیوں کا مرکز گوادر ہوگااوراس کے فوائد بلوچستان اور پاکستان کے عوام کو ملیں گے۔ انہوں نے گوادر اور اس سے متعلقہ میگا پراجیکٹس سے متعلق کہا کہ وفاقی حکومت ساحلی ضلع گوادرکو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈی جی نیب نے کہا کہ نیب نے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بزنس فیسیلیٹیشن سیل (بی ایف سی ) اور تمام علاقائی نیب بیوروز میں بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک (بی ایف ڈی ) نیب اور کاروباری برادری کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے لیے تشکیل دیا ہے اور یہ ڈیسک نیب (بلوچستان) میں فعال طور پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں نیب کے سب آفس کے قیام کا مقصدکاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں معاونت کرنا ہے گوادر میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ چیئرمین نیب میٹنگ بھی کرچکے ہیں یہ ملاقات سہولت کاری کے مسلسل عمل اور کاروبار کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش کا حصہ تھی۔ ڈی جی نیب نے کہا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد کاروبار سے متعلق مسائل کو حل کرنا اور گڈ گورننس کو یقینی بنانا ہے۔