اسلام آباد ۔ 24 جون (اے پی پی) گوادر بندرگاہ وسط ایشیا کے لیے نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ سی پیک اتھارٹی حکام کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری وسط ایشیاء میں آباد وسطی ایشیائی ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کئی مواقع فراہم کرتا ہے۔ سی پیک کے تحت تیار کی جانے والے پاکستان کی گوادر بندرگاہ کی مدد سے وسط ایشیائی ممالک علاقائی تجارت اور رابطہ کاری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ خورگوس ۔ گوادر محور کو استعمال کرکے جنوبی ایشیا ، مشرق وسطیٰ ، افریقہ اور بحر الکاہل کے خطے کے ساتھ تجارت کرسکیں گے۔ لہذا گوادر میں شمولیت سے ان کو پائیدار معاشی نمو اور علاقائی رابطہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔