کوئٹہ۔ 25 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت گودار ، اورماڑہ، پسنی اور جیونی سمیت نواحی علاقوں میں پانی کی فراہمی بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں نگراں وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم راشد رزاق خان، کمشنر مکران ڈویژن سعید احمد عمرانی، ڈپٹی کمشنر میجر ریٹائرڈ اورنگ زیب بادینی سمیت جی ڈی اے اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع گوادر میں فراہمی آب سے متعلق جاری مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس میں نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کا پائیدار حل تلاش کررہے ہیں بعض منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کی گئی ہے جو باعث تشویش ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گودار اور گرد و نواح میں فراہمی آب کے زیر التوا تمام منصوبوں پر کام بلا تاخیر شروع کیا جائے اور انہیں جلد پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے ،کیسکو اور کنٹریکٹر کے واجب الادا بلوں کی ادائیگی کرکے سروسز بحال کی جائیں۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس گوادر پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان کو گارڈ آف آرنر پیش کیا ۔ نگران وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر آفس گوادر میں قائم شکایت سیل کا بھی معائنہ کیا اور عوامی شکایات کے اندراج اور ازالے کے لئے طریقہ کار کی بابت معلومات حاصل کیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حل کے لئے جامع میکانزم تشکیل دیا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیاجاسکے۔