گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ایک پروقار اور یادگار تقریب کے ساتھ کیا گیا،وزیر دفاع خواجہ آصف نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی

159
گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ایک پروقار اور یادگار تقریب کے ساتھ کیا گیا،وزیر دفاع خواجہ آصف نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی

کوئٹہ۔ 20 جنوری (اے پی پی):گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح ایک پروقار اور یادگار تقریب کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر دفاع خواجہ آصف تھے جبکہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب میں نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا، جسے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل ائیر فورس اتھارٹی، ائیر وائس مارشل نے ایئرپورٹ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے شرکاء کو ایئرپورٹ کی جدید ٹیکنالوجی، عالمی معیار کی سہولیات اور کمرشل سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کی تعمیر سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے ایئرپورٹ کے ذریعے سرمایہ کاری اور اسٹریٹجک مواقع کی دستیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی خوشحالی کا عکاس ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے ایئرپورٹ کی کامیاب تکمیل میں کردار ادا کرنے والے مختلف اداروں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جن میں کمشنر مکران داؤد خان خلجی، ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمٰن اور ڈی جی جی ڈی اے شفقت انور شاہوانی شامل تھے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں ایئرپورٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور مقامی تجارت کو فروغ دینے کا ذریعہ بنے گا، ان کے بقول یہ ایئرپورٹ سیاحت کے فروغ کا مرکز ہوگا اور ملکی ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان، گورنر بلوچستان، اور دیگر اعلیٰ حکام کو یادگاری شیلڈز اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں جبکہ ایئرپورٹ کی تعمیر میں خدمات انجام دینے والے انجینئرز اور تکنیکی ماہرین کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔

وزیر دفاع نے تمام متعلقہ حکام اور عملے کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کرکے اس منصوبے کو کامیاب بنایا۔ اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے پاکستان اور چین کے لازوال دوستی کو سراہتے ہوئے نعرہ ’’پاک چین دوستی زندہ باد‘‘ لگایا اور تقریب کا اختتام کیا۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا یہ منصوبہ نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان کے لیے ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر مثبت پہچان کا باعث بنے گا۔