گوادر پورٹ خطے کا ایک اہم تجارتی گیٹ وے بنتا جا رہا ہے،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا دوسرا جہاز گوادر پورٹ پر کامیابی سے پہنچ گیا،گوادر سے ٹرانزٹ کے اخراجات میں کمی متوقع ،وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری

6
Junaid Anwar Chaudhry
Junaid Anwar Chaudhry

اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ خطے کا ایک اہم تجارتی گیٹ وے بنتا جا رہا ہے،افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا دوسرا جہاز گوادر پورٹ پر کامیابی سے پہنچ چکا ہے،گوادر سے ٹرانزٹ کے اخراجات میں کمی متوقع ہے۔

وزارت بحری امور کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا دوسرا جہاز گوادر پورٹ پر کامیابی سے پہنچ چکا ہے ،20 ہزار ٹن ڈی اے پی کھاد لے کر افغان بحری جہاز گوادر بندرگاہ پر لنگرانداز ہوا۔گوادر پر افغان جہاز کی کامیاب آمد سے عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر پورٹ اب خطے کے لیے ایک اہم تجارتی گیٹ وے بنتا جا رہا ہے، گوادر کے ذریعے افغانستان کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی مزید بہتر ہو گی،گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر بندرگاہ مکمل طور پر تجارتی سامان سنبھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت کے تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سے ٹرانزٹ کے اخراجات میں کمی کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ خطے کی تجارت کا مرکز بن رہا ہے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ فروری کے بعد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت دوسرا جہاز گوادر پہنچا ہے،گوادر کی پیش رفت پاکستان کی کامیاب بحری پالیسیوں کا ثبوت ہے۔