کوئٹہ۔ 18 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کہا ہے گوادر کی تعمیر ترقی میں نجی سیکٹر کا کردار اہم ہے اور تعمیراتی شعبے میں بلڈرز و ڈویلپرز کا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ایک اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے چیئرمین احمد اقبال، اعجاز احمد، باقر بلال، اویس جان، فیصل ادریس، باسط محمود، ہمایوں سعید، ڈاکٹر مظفر حسین، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ شاہد علی سمیت نجی سوسائٹیز کے مالکان اور بلڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں گوادر کی ہمہ جہت ترقی کے لئے حکومتی اور نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر زور دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے گوادر میں تیز رفتار اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گوادر کی تعمیر ترقی میں نجی سیکٹر کا کردار اہم ہے اور تعمیراتی شعبے میں بلڈرز و ڈویلپرز کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کو درپیش مشکلات دور کی جارہی ہیں تاکہ اجتماعی ترقی کے مقاصد حاصل کرسکیں۔ اجلاس میں گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز نے ڈی جی کی جانب سے گوادر کی تعمیر و ترقی کے لئے بنائے گئے سماجی و اقتصادی منصوبوں کی تعریف کی اور کہا کہ جی ڈی اے کی جانب سے گوادر کو سپشل اکنامک ڈسٹرکٹ ڈکلیئر کرانے کے لئے اقدامات نہ صرف گوادر کی ترقی کےلئے خوش آئند ہیں بلکہ یہ اقدام پورے خطے کی خوشحالی کا باعث ہوگا۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ترقی کے عمل میں نجی شعبے کی شمولیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ گوادر بلڈرز اینڈ ڈویلپرز ان مواقعوں کا بھرپور فائدہ اٹھا ئیں گے اور جی ڈی اے کی فراہم کردہ روڈ میپ کے مطابق گوادر کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھر پور حصہ شامل کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=380491